تحریر (عابد حسین )کسی بھی جمہوری ملک میں وہاں کی سیاسی قیادت کو عوام منتخب کرتے ہیں۔ جس کا مقصد مسائل کے تدارک اور غریب و متوسط طبقے کے لئے ایسی پالیسیاں بنانا ہے، جس سے انہیں ریلیف مل سکے اوروہ خوشحال زندگی گزار سکیں۔ عوام کا انتخابی عمل میں حصہ لینا حوصلہ افزاء ہوتا ہے اوروہ ووٹ کی طاقت سے اپنے اپنے سیاسی نمائندے منتخب کرکے اقتدار تک پہنچاتے ہیں۔عوام جمہوری حکومت کو ملک اور قوم کی بہتری کا ٹاسک دیتے ہیں۔اس لئے حقیقی عوامی حکومت کے لئے ضروری ہے کہ انتخابی عمل انتہائی صاف و شفاف ہو، اورویسے بھی کسی بھی ملک کے ترقی کا راز اس کی مستحکم جمہوریت حکومت میں پنہاں ہے، عوام جس طرح عوام نمائندوں کو منتخب کرتے ہیں، اسی طرح ان کا ووٹ کی طاقت سے کڑا احتساب بھی کرتے ہیں، عوامی توقعات پر پورا نہ اترنے والوں کو عوامی غضب کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔حقیقی عوامی نمائندے اپنے عوام کی سوچتے ہیں اور ان کے مسائل حل کرنے کے لئے ایوان ہو یا ایوان سےباہر، بھرپور آواز بلند کرتے ہیں۔ اس لئے عوام کو بھی چاہیے کہ ایسی قیادت کواقتدار کے ایوانوں تک پہنچائے جو حقیقی معنوں میں ان کے ووٹ کی لاج رکھ سکے۔